ماسک پہننے کی تاکید مہنگی پڑگئی، گاہک نے کیشیئر کو گولی ماردی

119

برلن : جرمنی کے ایک گیس اسٹیشن پر  ماسک کے بغیر  سروسز نہ دینے پر کیشیئر کو قتل کر دیا گیا۔مقتول نے ملزم کو ماسک لگا کر آنے پر پٹرول دینے پر اصرار کیا تھا ۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق  جرمنی میں فیس ماسک کے تنازع پر گیس اسٹیشن کے کیشیئر کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ مقتول نے ملزم کو بغیر ماسک سروس دینے سے انکار کردیا تھا۔

یہ واقعہ جرمنی کے مغربی قصبے ایدار اوبرسٹین میں پیش آیا جس نے شہریوں کو ایک انجانے خوف میں مبتلا کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایدار اوبرسٹین کے علاقے میں پیٹرول اسٹیشن پر تعینات کیشیئر نے ایک 49 سالہ شخص جو کہ بیئر خریدنا چاہتا تھا۔ کیشیئر نے کہا کہ وہ کورونا احتیاطی تدابیر قواعد پر عمل کرتے ہوئے ماسک پہن کر آئے ۔

خریدار نے پہلے تو ماسک پہننے سے انکار کیا اور پھر چلا گیا تاہم بعد میں ماسک پہن کر واپس آیا لیکن ماسک چہرے کے نیچے کر رکھا تھا اور پھر اس نے کیشیئر سے رابطہ کیا جس پر کیشیئر نے دوبارہ اسے ماسک ٹھیک طرح پہننے کی تاکید کی۔

کیشیئر کی طرف سے  دوبارہ ماسک پہننے کی ہدایت پر مذکورہ شخص آگ بگولہ ہو گیا اور پستول نکال کر سامنے سے کیشیئر کے سر میں گولی مار دی۔ پولیس کے مطابق متاثرہ شخص زمین پر گر گیا اور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔

رپورٹ کے مطابق ملزم نے بعد ازاں گرفتاری کے لیے خود کو تھانے میں پیش کر دیا۔

تبصرے بند ہیں.