نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان چھوڑنے میں بھار ت کا ہاتھ ہوسکتا ہے، شاہ محمود قریشی

121

نیویارک: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان منسوخ کرنے میں بھارت کا ہاتھ ہوسکتا ہے ۔

نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں، ملک کو جب بھی مشکل پڑی بیرون ملک پاکستانیوں نے تعاون کیا، گزشتہ برس بیرون ملک پاکستانیوں نے 29.4ارب ڈالر کی ترسیلات ملک میں بھیجیں، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے 2 ارب ڈالر سے زائد کی رقم پاکستان منتقل ہوچکی، بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی ترقی میں حصہ ڈالنا چاہتے ہیں تو انہیں خوش آمدید کہیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مشکلات کا اندازہ ہے، وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ بیرون ملک آباد پاکستانی کمیونٹی کو ملکی حالات سے آگاہ رکھیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم سیکیورٹی سے مطمئن تھی تو اس لیے وہ پاکستان آئی تھی۔ پاکستانی سیکیورٹی اداروں کو کوئی تھریٹ موصول نہیں ہوا، نیوزی لینڈ کی ٹیم نے آخری وقت پر آگاہ کیا کہ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے نہیں کھیل سکتے۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ہر طرح کی سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی گئی تھی ، حکومت نے بس کے بجائے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ٹیم کو اسٹیڈیم پہنچانے کی بھی پیشکش کی، نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ کرنے کے پیچھے پڑوسی ملک بھارت ہوسکتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.