ضلع دکی میں کان میں زہریلی گیس بھرنے سے 4 کان کُن جاں بحق

138

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع دکی کے علاقے چمالنگ کی کوئلہ کان میں زہریلی گیس بھرنے کے باعث دم گھٹنے سے 4 کان کن جاں بحق ہو گئے۔

چیف مائنز انسپکٹر بلوچستان عبدالغنی کے مطابق چمالنگ کی کوئلہ کان میں 4 کان کن کانکنی کر رہے تھے کہ کان میں زہریلی گیس بھر گئی جس کے نتیجے میں کان میں موجود چاروں کان کن جاں بحق ہو گئے۔

زہریلی گیس سے ہلاک ہونے والے کان کنوں میں دو بھائی عصمت اللہ، نعمت اللہ، محمد میر اور کالو جان شامل ہیں جن کا تعلق ژوب سے ہے۔

جاں بحق کان کنوں کی میتیں ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقے ژوب روانہ کر دی گئیں۔

واضح رہے کہ رواں سال فروری میں بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں کوئلے کی کان میں گیس دھماکے سے چار کان کن ہلاک جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا تھا۔
حکام کے مطابق حادثہ بدھ کی صبح کوئٹہ سے تقریباً 130 کلومیٹر دور ہرنائی کی تحصیل شاہرگ کے علاقے ٹاکری میں پیش آیا، جہاں ایک کوئلے کی کان میں میتھین گیس بھر گئی تھی اور وہی دھماکے کی وجہ بنی۔

تبصرے بند ہیں.