ٹیموں کے دورہ پاکستان کی منسوخی، وزیراعظم کا بیرونی سازشوں کا پردہ چاک کرنے کا فیصلہ

276

اسلام آباد: غیر ملکی کرکٹ ٹیموں کے دورہ پاکستان کی منسوخی کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے بیرونی سازشوں کا پردہ چاک کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ 

وزیراعظم عمران خان نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی جانب سے پاکستان کا دورہ منسوخ کیے جانے کے بعد کل قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے ملاقات کریں گے جس میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ سمیت سی او او وسیم خان سمیت دیگر عہدیدار بھی موجود ہوں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے اس حوالے سے سینئر وزرا سے بھی مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وزیراعظم نے حقائق دنیا کے سامنے لانے کی ہدایت بھی کر دی۔ فیک اکاؤنٹس سے ای میلز، فیک نیوز سمیت تمام حقائق سامنے لائیں جائیں گے۔

وزیراعظم کی جانب سے دونوں ٹیموں کے دوروں کی منسوخی میں بیرونی سازشوں کا پردہ چاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے وزیرداخلہ شیخ رشید اور وزیراطلاعات فواد چودھری کو حقائق سے آگاہ کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر اطلاعات فواد چودھری جلد پریس کانفرنس کریں گے۔

 

خیال رہے کہ گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ نے بھی دورہ پاکستان منسوخ کر دیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے پاکستان کا دورہ ادھورا چھوڑنے پر انگلینڈ نے بھی فیصلے کے لیے 48 گھنٹے مانگے تھے۔ 

 

انگلینڈ کے بورڈ کی طرف سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کیا گیا ہے کہ سیکورٹی وجوہات پر ہماری ٹیم پاکستان کا دورہ نہیں کر سکتی۔ انگلینڈ نے آئندہ ماہ 2 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنا تھے۔ پاک انگلینڈ ٹی ٹوئنٹی میچز راولپنڈی میں کھیلے جانا تھا۔ 

 

ای سی بی کی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ انگلینڈ کی طرف سے پاکستان نہ آنے کا فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ کے مداحوں کے لیے مایوس کن ہے۔ موجودہ حالات میں کھلاڑیوں کی ذہنی حالت کو دیکھتے ہوئے مشکل فیصلہ کیا۔ 

 

برطانوی بورڈ کے مطابق پاکستان کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی میچز ورلڈ کپ کی تیاری کا حصہ تھے ۔ ان حالات میں جب کھلاڑی پُراعتماد نہیں تو پھر پاکستان آنا تیاریوں کو متاثر کرے گا۔

انگلش کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق رواں سال پاکستان کے ساتھ ورلڈ کپ سے قبل دو ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا اور یہ میچز آئندہ ماہ اکتوبر میں ہونا تھے۔

 

انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق مردوں کے ساتھ خواتین کرکٹ کا دورہ پاکستان بھی ختم ہو گیا ہے۔ ہمارے کھلاڑیوں اور معاون عملے کی ذہنی اور جسمانی فلاح ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ان حالات میں دورہ کرنا آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے مثالی تیاری نہیں ہو گی جہاں 2021ء کے لیے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ اولین ترجیح ہے۔

 

انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق ہم سمجھتے ہیں کہ یہ فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے لیے اہم مایوسی ہوگا جنہوں نے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کی میزبانی کے لیے انتھک محنت کی ہے۔ پاکستان میں کرکٹ پر اسکے اثرات کے لیے ہم مخلصانہ طور پر معذرت خواہ ہیں اور 2022ء کے لیے ہمارے اہم دوروں کے منصوبوں کے لیے جاری عزم پر زور دیتے ہیں۔

 

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کیخلاف سیریز کو یکطرفہ طور پر سکیورٹی وجہ بنا کر منسوخ کر دیا تھا جس کے بعد وفاقی حکومت سمیت عوام نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔

 

تبصرے بند ہیں.