پٹرول مہنگا ہوتے ہی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ

136

لاہور: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھتے ہی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہو گیا ہے۔ لاہور میں سبزیوں اور پھلوں سمیت دیگر اجناس عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق لاہور میں آلو 62 روپے فی کلو، پیاز 50 روپے، ٹماٹر 43 روپے کلو جبکہ کوکنگ آئل ساڑھے تین سو روپے کلو تک پہنچ گیا ہے۔ فیصل آباد کے شہری بھی مہنگائی سے بے حال ہیں۔ شہر اور اس کے گردونواح میں آٹے کی قیمت 80 روپے کلو تک پہنچ گئی ہے۔

راولپنڈی میں مرغی کے گوشت کی قیمت آسمان سے باتیں کرنے لگی ہے۔ ایک ماہ میں 80 روپے فی کلو کا اضافہ ہو چکا ہے۔ مہنگائی سے عام لوگ تو پریشان ہیں ہی لیکن تاجر برادری نت نئے ٹیکس نافذ ہونے سے شدید کرب کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اب تو کاروباری اخراجات پورے کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ شہر قائد کراچی میں آٹا 75 روپے کلو، کھلے آئل کی قیمت 350، بناسپتی گھی 300 روپے کلو تک پہنچ گیا ہے۔

چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے سبزیوں کے زائد نرخوں پر اظہار برہمی کرتے ہوئے متعلق رپورٹ طلب کر لی ہے۔ اپنے زیر صدارت اجلاس میں انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ قیمتوں میں استحکام کیلئے ڈپٹی کمشنرز سبزی منڈیوں میں نیلامی کے عمل کی خود نگرانی کریں، غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ مختلف اضلاع میں اشیا کی قیمتوں میں فرق طلب، رسد کے مسئلے کی بجائے انتظامی کمزوری ہے۔ بعض اضلاع کی منڈیوں میں زائد قیمتوں کا مقرر ہونا بالکل بلا جواز ہے۔ ڈپٹی کمشنرز دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں جا کر خود صورتحال کا جائزہ لیں۔

انہوں نے سختی سے ہدایات جاری کیں کہ انتظامی اقدامات کے مثبت نتائج نظر آنے چاہیں۔ مصنوعی مہنگائی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے افسران کو متحرک انداز میں کام کرنا ہوگا۔ پرائس کنٹرول کے حوالے سے کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔

کامران علی افضل نے گرانفروشوں کو جرمانے کیلئے ای چالان کا نظام وضع کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، دستیابی اور پرائس کنٹرول مانیٹرنگ میکانزم کا جائزہ لیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.