اچانک دورہ منسوخی، شنیرا اکرم کا نیوزی لینڈ ٹیم کو منہ توڑ جواب

140

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان اور لیجنڈ فاسٹ باﺅلر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے بھی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے اچانک دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیوی ٹیم کو ایسا منہ توڑ جواب دیا ہے کہ ہر پاکستانی ان کی تعریف کرنے پر مجبور ہو جائے۔ 

شنیرا اکرم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے اچانک دورہ منسوخ کئے جانے کے معاملے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کو دنیا کا محفوظ ترین ملک قرار دیدیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ’دنیا میں پاکستان کے علاوہ ایسی اور کوئی جگہ نہیں جہاں میں خود کو سب سے زیادہ محفوظ محسوس کروں۔‘ 

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان راولپنڈی میں پہلا ون ڈے میچ ہونا تھا تاہم میچ شروع ہونے سے قبل نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سیکیورٹی خدشات کو جواز بنا کر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے کا اعلان کردیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ملتوی کردی گئی۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے یوں اچانک دورہ منسوخ کئے جانے کے پاکستان کے سابق کرکٹرز، حکومتی عہدیداروں، مختلف سیاسی شخصیات اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کیساتھ ساتھ شائقین کرکٹ کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.