مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے اظہر عباس چانڈیا کا تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

339

مظفرگڑھ: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ممبر صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) اظہر عباس چانڈیا نے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ 
اظہر عباس چانڈیا نے یہ اعلان چوک سرور شہید مظفر گڑھ میں منعقدہ ایک کارنر میٹنگ کے دوران کیا جن کا کہنا تھا کہ میں نے 2018ءکے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 269 سے کامیابی حاصل کی تھی اور اب تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور ان کے اہل خانہ کیساتھ اچھے تعلقات رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ہے تاکہ صحیح معنوں میں عوام کی خدمت کی جا سکے۔ 
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال یہ خبریں منظرعام پر آئی تھیں کہ ایم پی اے اظہر عباس چانڈیا اور دیگر پانچ ایم پی ایز نے وزیراعلیٰ پنجاب کیساتھ رابطہ کر کے ان کی اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ 
واضح رہے کہ اظہر عباس نے 2018ءکے عام انتخابات کے دوران صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 269 سے 28 ہزار 293 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی اور ان کے حریف پی ٹی آئی کے غلام مرتضیٰ رحیم کھر 24 ہزار 11 ووٹ حاصل کر سکے تھے جبکہ پیپلز پارٹی کے مہر ارشاد احمد نے 19 ہزار 347 ووٹ لئے تھے۔ 

تبصرے بند ہیں.