مہنگائی سے پسے عوام کیلئے بری خبر، گھی کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ

239

لاہور: مہنگائی سے پسی عوام کیلئے بری خبر ہے کہ ملک بھر میں گھی کی فی کلو قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے اور نئی قیمت 325 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق درجہ دوم کے گھی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد اس کی قیمت 320 روپے فی کلو سے بڑھ کر 325 روپے فی کلو ہو گئی ہے جبکہ 20 کلو آٹے کاتھیلا ایک ہزار 240 روپے اور چینی 115 روپے کے حساب سے فروخت ہونے لگی ہے۔ 
مہنگائی کی حالیہ لہر سے تنگ شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں گھر کا بجٹ بنانا بھی مشکل ہو گیا ہے اور تین سالوں کے دوران گھی 145 روپے سے مہنگا ہو کر 32 روپے تک جا پہنچا ہے۔ 
واضح رہے کہ ملک میں گزشتہ تین سالوں کے دوران اشیائے ضروریہ بالخصوص آٹا، چینی اور گھی و خوردنی تیل کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق اگست 2018ءمیں چینی کے 50 کلو تھیلے کی قیمت 2 ہزار 600 روپے تھی جو اگست 2021 کے اختتام تک 5 ہزار روپے تک جا پہنچی۔ 
اگست 2018ءمیں مل آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 740 روپے تھی جو اگست 2021 کے اختتام تک 1 ہزار 150 روپے سے بھی تجاوز کر گئی جبکہ چینی کی قیمت اگست 2018 میں 60 روپے فی کلو تھی جو اس وقت بڑھ کر 110 روپے تک جا پہنچی ہے۔ 
اسی طرح گھی و خوردنی تیل کے پانچ لیٹر پیک کی قیمت اگست 2018ءمیں 900 روپے تھی تاہم اگست 2021ءکے اختتام تک اس کی قیمت 1700 روپے سے بڑھ گئی۔ 

تبصرے بند ہیں.