شعیب اختر کا نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بائیکاٹ کا مطالبہ

161

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بائیکاٹ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیوی ٹیم کے فیصلے سے پاکستان کی ساتھ بری طرح متاثر ہوئی، ہمیں بین الاقوامی سطح پر نیوزی لینڈ ٹیم کا بائیکاٹ کرنا ہو گا۔ 
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر کا کہنا تھا کہ جب بھی کسی ملک میں کوئی مشکل ہوتی ہے تو پاکستان وہاں کرکٹ کھیلنے پہنچتا ہے۔ انہوں نے سری لنکا کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں ایک وقت ایسا تھا جب تامل ٹائیگرز کے حملے ہو رہے تھے لیکن پاکستان اس وقت بھی وہاں کرکٹ کھیلنے گیا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ میں کورونا وائرس کی وباءہونے کے باوجود بھی وہاں کا دورہ کیا لیکن ضرورت پڑنے پر پاکستان کا ساتھ کوئی ملک نہیں دیتا۔ 
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کرکٹ تباہ ہو رہی ہے اور اسے دیگر ممالک کے ساتھ ہی ضرورت ہے مگر کوئی اس پر تیار نہیں، نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے دورہ منسوخ کر کے بہت بڑی غلطی کی ہے جنہیں پاکستان میں بھرپور سیکیورٹی فراہم کی گئی مگر اس کے باوجود کھیلنے سے انکار کر دیا گیا۔ 
شعیب اختر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایک سوچی سمجھی سازش کے ساتھ دنیا بھر میں تنہاءکرنے کیلئے بیانیہ بنایا جا رہا ہے اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے دورہ منسوخ کر کے اس بیانیہ کا ساتھ دیا، اگر انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے بھی دورہ ملتوی کیا تو ظاہر ہے پاکستان میں کرکٹ کو بے پناہ نقصان ہو گا۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان تک نے بہترین سیکیورٹی فراہم کرنے کی گارنٹی دی مگر اس کے باوجود بھی دورہ منسوخ کر دیا گیا۔ 
راولپنڈی ایکسپریس کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی جانب سے دورہ منسوخ کئے جانے سے بین الاقوامی میڈیا کو ایک بار پاکستان کے خلاف بولنے کیلئے موضوع مل گیا ہے اور پاکستان کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے، ماضی قریب میں کئی انٹرنیشنل ٹیمیں پاکستان کھیل کر گئیں جبکہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں غیر ملکی کھلاڑی آئے اور واپس گئے، نیوزی لینڈ کی ٹیم انوکھی ہے جو اس نے دورہ منسوخ کر دیا؟ پاکستان کوموجودہ صورتحال میں سخت ردعمل دیتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر نیوزی لینڈ کا بائیکاٹ کرنا چاہیے۔

تبصرے بند ہیں.