لاہور میں مارکیٹیں ہفتہ اور اتوار کو بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری

112

لاہور: ضلعی انتظامیہ نے تاجروں کے مطالبے پر مارکیٹیوں کو جمعہ اور ہفتے کو بند کرنے کے فیصلے کو واپس لیتے ہوئے اب مارکیٹیں ہفتہ اور اتوار کو بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ تاجروں کے وفد نے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات میں کورونا ایس اوپیز کے تحت لاہور میں مارکیٹیں جمعہ اور ہفتہ کی بجائے ہفتہ اور اتوار بند رکھنے کا مطالبہ کیا تھا تاہم ڈی سی عمر شیر چٹھہ نے تاجروں کا مطالبہ مانتے ہوئے جمعہ اور ہفتہ کو مارکیٹوں کی بندش کا حکم نامہ واپس لیتے ہوئے ہفتہ اور اتوار کو مارکیٹوں کی بندش کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

دوسری جانب لاہور میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 11 فیصد رپورٹ ہوئی ہے جبکہ جناح ہسپتال میں کورونا ٹیسٹ کی کِٹس بھی کم پڑ گئی ہیں جس کی وجہ سے مریضوں، ڈاکٹروں اور عملے کے بھی ٹیسٹ نہ ہو سکے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دو ہزار کورونا ٹیسٹ کی کِٹس کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے محکمہ صحت پنجاب کو مراسلہ لکھ دیا ہے۔ اس کے علاوہ فیصل آباد میں بھی مثبت کیسز کی شرح 11 فیصد رپورٹ ہوئی ہے جب کہ ملک بھر میں مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 12 نئے مریض سامنے آئے جبکہ مزید 66 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 27 ہزار 4 ہو گئی ہے اور ملک بھر میں تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 15 ہزار 821 ہو گئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق پنجاب میں 4 لاکھ 18 ہزار 196، سندھ میں 4 لاکھ 47 ہزار 678، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 69 ہزار 972، بلوچستان میں 32 ہزار 671، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 204، اسلام آباد میں ایک لاکھ 3 ہزار 549 جبکہ آزاد کشمیر میں 33 ہزار 551 مریض سامنے آ چکے ہیں۔

ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 86 لاکھ 82 ہزار 730 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 56 ہزار 778 نئے ٹیسٹ ہوئے جبکہ اب تک 11 لاکھ 12 ہزار 236 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور 5 ہزار 39 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے باعث پنجاب میں اب تک 12 ہزار 319، سندھ میں 7 ہزار 210، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 329، اسلام آباد میں 893، بلوچستان میں 344، گلگت بلتستان میں 182 اور آزاد کشمیر میں 727 مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.