ویرات کوہلی کا ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان

166

ممبئی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے ورلڈ کپ کے بعد ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں بھارتی کپتان نے کہا کہ میں بہت خوش قسمت ہوں کہ میں نے نہ صرف بھارت کی نمائندگی کی بلکہ اپنی پوری صلاحیتوں کے ساتھ ٹیم کی قیادت بھی کی اور مجھے اس سفر میں سپورٹ کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتا ہوں جبکہ میں کپتانی کا یہ فریضہ سپورٹرز کے بغیر نہیں نبھا سکتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ورک لوڈ کو سمجھنا بہت ضروری ہے اور میں پچھلے 9 سالوں سے تینوں فارمیٹ کی کرکٹ کھیل رہا ہوں اور پچھلے پانچ سالوں سے بھارتی ٹیم کی قیادت کر رہا ہوں اور میں سمجھتاہوں کہ اب مجھے بھارتی ٹیم کی ون ڈے کرکٹ اور ٹیسٹ کرکٹ میں بھر پور طریقے سے کپتانی کے لیے کچھ وقت کی ضرورت ہے ۔ ویرات کوہلی نے اپنے پیغام کہا میں نے ٹی ٹوئنٹی میں کپتانی کے دوران بھارتی ٹیم کے لیے اپنی بہتر صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور اب میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بلے باز کے طور پر ایسا کروں گا ۔

ویرات کوہلی نے کہا کہ اس فیصلے تک پہنچنے میں وقت لگا اور اس حوالے سے روی شاستری، روہت شرما سے بھی مشاورت کی جو کہ لیڈر شپ گروپ کا اہم حصہ ہیں اور میں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد اس فارمیٹ کی کپتانی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سورو گنگولی سے بھی بات کر چکا ہوں

بھارتی کرکٹر کا یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ دنوں بھارتی کرکت بورڈ نے اعلان کیا تھا کہ مایہ ناز بلے باز ہی تینوں فارمیٹ میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔

خیال رہے کہ اگلے ماہ سے دبئی میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آ غاز ہونے جا رہا ہے ۔

تبصرے بند ہیں.