ہم ٹی 20 ورلڈکپ جیت سکتے ہیں: حسن علی

128

راولپنڈی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر حسن علی نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے ٹیم سلیکشن پر بات کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ بطور کھلاڑی میں یہ سمجھتا ہوں کہ ہم ایونٹ جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ بھارت کو ہرانے کا ہدف بھی مقرر کیا ہے۔ 
راولپنڈی میں ورچوئل پریس کانفرنس کے دوران حسن علی کا کہنا تھا آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے ٹیم کی سلیکشن پر کوئی بات نہیں کر سکتا، یہ سلیکٹرز کا کام ہے تاہم میں بطور کھلاڑی اتنا ضرور کہہ سکتا ہے کہ ہم ایونٹ جیت سکتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جو فاسٹ باؤلر اپنی باؤلنگ میں ورائٹی لاتا ہے وہی کامیاب رہتا ہے، اگر ورلڈکپ میں جم کر مقابلہ کرنا ہے تو ہمیں ابھی سے تیاری شروع کرنا ہو گی۔ 
ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ باؤلر حسن علی نے کہا کہ یہ میچ ہر کوئی دیکھتا ہے اور اس بار ہم نے بھارت کو شکست دینے کا ہدف بنایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق باﺅلنگ کوچ وقار یونس میرے رول ماڈل تھے، ان کیساتھ گزرا ہوا وقت یاد آئے گا، نئے باؤلنگ کوچ ویرنون فلینڈر نے جنوبی افریقا کیلئے بہترین کارکردگی دکھا رکھی ہے، تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ ان سے ہم کتنا فائدہ اٹھائیں گے۔
حسن علی کا کہنا تھا کہ کہ پریکٹس سیشن میں عبد الرزاق ہمارے ساتھ محنت کر رہے ہیں، عبدالرزاق کے ساتھ پاور ہٹنگ کا کام کر رہے ہیں،بطور کھلاڑی ہم چاہتے ہیں کہ عبدالرزاق ہمارے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں۔

تبصرے بند ہیں.