اسلام آباد : الیکشن کمیشن نےالزام تراشی پر وفاقی وزرا اعظم سواتی اور فواد چودھری کو نوٹس جاری کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ آئینی ادارے پر بے بنیاد الزامات قابل قبول نہیں۔ الزام تراشی مسترد کرتے ہیں۔ وزراء الزامات کے ثبوت پیش کریں ۔
نیو نیوز کے مطابق وفاقی وزراء اعظم سواتی اور فواد چودھری کے الیکشن کمیشن پرالزامات کے معاملے پر الیکشن کمیشن میں اجلاس ہوا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس کےاعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کمیشن نے فواد چودھری کی پریس کانفرنس ، صدر مملکت سے ملاقات اور اعظم سواتی کے کمیٹی میں بیان کا جائزہ لیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے الزامات کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دے کر مسترد کر دیا ہے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ دونوں وفاقی وزراء کو نوٹس جاری کیا جائے گا ۔ الیکشن کمیشن نے اعظم سواتی کے الزامات پر ان سے ثبوت مانگنے کا فیصلہ بھی کیا ہے ۔ اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن نے پیمرا سے وزراء کے الزامات پر مبنی میڈیا کوریج کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا ہے ۔
واضح رہے کہ سینیٹ قائمہ کمیٹی پارلیمانی امور کے اجلاس میں وزیر ریلوے اعظم سواتی نے الزام لگایا تھا کہ الیکشن کمیشن حکومت کا مذاق اڑا رہا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں، آپ جہنم میں جائیں، ایسے اداروں کو آگ لگادیں، الیکشن کمیشن ملک کی جمہوریت کو تباہ کرنے کا ضامن ہے، الیکشن کمیشن ہمیشہ دھاندلی کرتا رہا ہے۔
سینیٹر اعظم سواتی کے الزامات پر الیکشن کمیشن حکام کمیٹی اجلاس سے واک آوٹ کرگئے تھے جس پر سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے کہا تھا کہ آئین سے الیکشن کمیشن کو نکال دیں، حکومت خود الیکشن کرائے۔
بعدازاں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری ، وزیر ریلوے اعظم سواتی اور مشیر وزیر اعظم بابر اعوان نے پریس کانفرنس کی تھی۔ اس دوران فواد چودھری نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپوزیشن کا ماؤتھ پیس بنا ہوا ہے۔ ہمیں چیف الیکشن کمشنر پر اعتماد نہیں ہے وہ نواز شریف کے قریب رہے ہیں ۔
تبصرے بند ہیں.