کورونا کی جعلی اور سمگل شدہ ادویات بیچنے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

144

اسلام آباد: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے کورونا کی جعلی اور سمگل شدہ ادویات بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ڈریپ کے سی ای او ڈاکٹر عاصم رؤف کی ہدایت پر صوبائی دفاتر کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے جس میں میڈیسن مارکیٹس کی سخت سرویلنس کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلہ کے مطابق دنیا بھر کو کورونا ادویات کی قلت کا سامنا ہے، مفاد پرست عناصر کورونا ادویات کی قلت کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

ڈریپ کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بعض عناصر جعلی اور سمگل کورونا ادویات فروخت کر رہے ہیں۔ ایسے سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ جعلی ادویات بیچنے کے دھندے میں ملوث متعدد ملزمان پکڑے جا چکے ہیں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سمگل شدہ اور جعلی ادویات بیچنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں ناگزیر ہیں، اس لئے ایسے عناصر کیخلاف ایکشن کو تیز کیا جائے۔ صوبائی حکام ملکی ادویات مارکیٹ کی نگرانی مزید سخت کریں۔

ڈریپ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ سرویلنس سے جعلی اور سمگل شدہ ادویات کا دھندہ کرنے والوں پتا چلایا جائے۔ صوبائی دفاتر سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیوں سے صدر دفتر کو آگاہ کریں۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے کہا ہے کہ جعلی ادویات کی فروخت ناقابل معافی جرم ہے۔ ایسے ملزموں کیساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ عوام کیلئے عالمی معیار کی ادویات کی دستیابی اولین ترجیح ہے۔

تبصرے بند ہیں.