پاکستان میں کورونا میں مبتلا مزید 78 مریض جاں بحق، 2580 نئے کیس رپورٹ

124

لاہور: ملک بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس میں مبتلا مزید 78 افراد انتقال کر گئے ہیں۔ طبی حکام نے کورونا کے بڑھتے کیسز پر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور جلد از جلد ویکسی نیشن کروائیں تاکہ اس موذی مرض کی روک تھام ہو سکے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس جانچنے کیلئے سینتالیس ہزار 419 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 2 ہزار 580 شہری اس وبائی مرض میں مبتلا پائے گئے جبکہ مثبت کیسز کی شرح تقریباً ساڑھے پانچ فیصد ریکارڈ کی گئی۔

اموات میں حالیہ اضافے سے کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 26 ہزار 865 ہو چکی ہے جبکہ بارہ لاکھ 10 ہزار 82 مریض اس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 7 ہزار 240 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوئے۔ اس وقت پاکستان میں 10 لاکھ 97 ہزار 416 افراد کورونا سے صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ ایکٹو کیسوں کی تعداد 85801 ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں 67 اموات ہوئی تھیں، جن میں سے 24 اموات وینٹیلیٹر پر موجود مریضوں کی تھیں، سندھ کے بعد خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔

گزشتہ روز ملک بھر میں 2 ہزار 988 افراد کے کووڈ کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔ بڑے شہروں میں وینٹیلیٹر پر کووڈ کے مریضوں کے تناسب کے لحاظ سے بہاولپور میں 47 فیصد، لاہور میں 59 فیصد، ملتان میں 76 فیصد اور سرگودھا میں 61 فیصد مریض ہیں۔

اسی طرح سے ملک کے چار بڑے شہروں میں آکسیجن کی سہولیات والے بستروں پر کورونا کے مثبت کیسز کے تناسب سے گجرات میں 63 فیصد، صوابی میں 60 فیصد، ملتان میں 66 فیصد اور سرگودھا میں 78 فیصد مریض ہیں۔

تبصرے بند ہیں.