کراچی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈکوارٹرز کراچی اور خاتون پاکستان گرلز سکول کا دورہ کیا۔ شہدا کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کی۔کراچی کی ترقی کیلئے کور کی جانب سے سول انتظامیہ سے تعاون کی تعریف کی۔کہتےہیں موجودہ صورتحال میں ہائبرڈ خطرات سے قومی سطح پر موثر طور پر نمٹنے کی ضرورت ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈکوارٹر کراچی کا دورہ کیا ۔کور ہیڈ کوارٹر آمد پر کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے استقبال کیا ۔آرمی چیف کو کور کی آپریشنل تیاریوں، تربیتی امور اور انتظامی معاملات ،صوبے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال باالخصوص رینجرزاور پاک فوج کی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو امن و امان کی بحالی کے لیے معاونت اور کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔
پاک فوج کے سربراہ کو بتایا گیا کہ گزشتہ سال کے سیلاب کے بعد مختلف منصوبوں کے ذریعے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کو ترقی دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ آرمی چیف نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت منصوبوں کی بروقت تکمیل کے حوالے سے کراچی کور کی جانب سے سول انتظامیہ کی بھرپور معاونت کی تعریف کی اور خطے میں حالیہ پیشرفت کے تناظر میں ہائبرڈ خطرات سے موثر طور پر نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا ۔
بیان کے مطابق آرمی چیف نے خاتون پاکستان گرلز سکول کراچی کا دورہ بھی کیا یہ سکول زندگی پراجیکٹ کے تحت چل رہا ہے۔ آرمی چیف نے سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات پر سکول انتظامیہ کو سراہا۔ آرمی چیف نے مستحق بچیوں کے لئے اعلی اور معیاری تعلیم کی فراہمی کی بھی تعریف کی۔
بعد ازاں آرمی چیف نے پاک فوج ، سندھ رینجرز ،انٹیلی جنس ،سندھ پولیس، اے این ایف اور اے ایس ایف کے شہدا کے خاندانوں سے ملاقات کی ،انکے ساتھ وقت گزارا اور حال احوال دریافت کیا ۔
تبصرے بند ہیں.