نور مقدم قتل کیس: مرکزی ملزم کے والد کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی

145

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے والد ذاکر جعفر کی درخواست ضمانت پر سماعت 15 ستمبر تک ملتوی کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس عامر فاروق نے نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم کے والد ذاکر جعفر کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

عدالت کی جانب سے مدعی مقدمہ کے وکیل شاہ خاور ایڈووکیٹ کو آج ہی وکالت نامہ داخل کرانے کی ہدایت کی گئی۔

شاہ خاور ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ مدعی شوکت مقدم کی جانب سے پاور آف اٹارنی آج جمع کرا دوں گا۔ تھراپی ورکس والوں کی ضمانت منسوخی کی درخواست بھی زیر سماعت ہے، عدالت مناسب سمجھے تو ان تمام درخواستوں کو یکجا کرکے سماعت کرے۔

دوسری جانب درخواست گزار کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت سے استدعا کی کہ اگر سماعت ملتوی ہونی ہے تو کل تک ملتوی کریں۔

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ ضمانت منظور اور منسوخ کرنے کے اصول مختلف ہیں، ہم دونوں درخواستوں کو الگ الگ سنیں گے۔

عدالت نے شاہ خاور کو وکالت نامہ داخل کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 15 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

تبصرے بند ہیں.