عمران خان نے غریب سے روٹی چھین لی، یہ حکومت نہیں چل سکتی : شہباز شریف

156

 

لاہور : اپوزیشن لیڈرشہبازشریف نےایک ہفتے میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی شدید مذمت  کی ہے، کہتے ہیں ایک ہفتے میں کھانے پینے اور روزمرہ کی 24 اشیاکی  قیمتوں میں 23 فیصد اضافہ عوام سے ظلم، زیادتی اور بدترین استحصال ہے ۔

 

انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے میں مہنگائی کی اوسط شرح 13.64 فیصد ہونا حکومت کے موجود نہ ہونے کا ثبوت ہے  ۔آٹا، چینی،  گھی، کوکنگ آئل، دال، لہسن، دودھ، دہی، ، انڈے ، چاول، گوشت کی قیمتوں میں مزید اضافہ عوام کی برداشت سے باہر ہے ۔  حکمران قوم کے پیر ننگے کرنے پر تُلے ہوئے ہیں  ۔

 

انہوں نے کہا کہ غریب طبقات کے لئے مہنگائی کی شرح 17.02 فیصد ہونے سے ملک میں بدترین غربت میں انتہائی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔   20 کلو آٹا 58 روپے مہنگا ہونے کا مطلب ہے کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز موجود  نہیں ۔گھی کی قیمت گزشتہ سال کے مقابلے میں 41 فیصد، کوکنگ آئل 37، چکن 39 فیصد مہنگا ہونا ظلم کی بدترین شکل ہے ۔

 

  بجلی گزشتہ سال کے مقابلے میں 47 فیصد اورایل پی جی 46 فیصد مہنگی ہوئی جو حکومتی نااہلی اور کرپشن کا شاخسانہ ہے۔  جوتے 33 فیصد مہنگے ہونے کا مطلب ہے کہ حکمران قوم کے پیر ننگے کرنے پر تُلے ہوئے ہیں  ۔

 

یہ ظلم کی حکومت ہے جو چل نہیں سکتی،جس حکومت میں غریب کا چولہا نہ جلے، وہ نہیں چل سکتی ،تین سال میں موجودہ حکومت نے مہنگائی کے ظلم سے عوام کی صرف چیخیں نکلوائی ہیں ،موجودہ حکمرانوں نے قوم کو کوئی ریلیف نہیں، صرف تکلیف دی ہے۔

تبصرے بند ہیں.