آٹا 55 روپے فی کلو دستیاب ہوگا، جمشید اقبال چیمہ

183

اسلام آباد:آٹے کی قیمت 55 روپے فی کلو کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے فوڈ سیکورٹی جمشید اقبال چیمہ  کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سے مشاورت میں گندم کی قیمت 1950 روپے فی من مقررکرنے کا فیصلہ ہوا ہے جس کے بعد آٹے کی فی کلوقیمت 55 روپے ہوگی ۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے خزانہ، خوراک، فوڈ سکیورٹی اور دیگر وزارتوں کے حکام کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں گندم، آٹے کی قیمت اور سرکاری گندم ریلیز کرنے کے معاملے پر تبادلہ خیال ہوا۔

ملاقات میں معیاری آٹے کی سستے نرخوں پر فراہمی پر مشاورت کی گئی۔ معاون خصوصی برائے فوڈ سیکیورٹی جمشید اقبال چیمہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم سے مشاورت میں گندم کی قیمت 19 سو 50 روپے فی من مقرر کرنے کا فیصلہ ہوا ہے، فیصلے سے آٹے کی فی کلو قیمت 55 روپے ہوگی، آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 11 سو روپے تک ہوگی۔

جمشید اقبال چیمہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں فی کلو قیمت 56 روپے اور بنگلہ دیش میں 80 روپے ہے، افغانستان میں آٹے کی قیمتیں اس سے بھی زیادہ ہیں۔ پاکستان میں خطے بلکہ دنیا کے دیگر ممالک سے بھی کم قیمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو زیادہ غریب ہیں ہمارے پاس ان کا ڈیٹا ہے، انہیں 43 روپے فی کلو قیمت پر آٹا فراہم کریں گے۔ مرکز اور صوبے گندم اور آٹے کی ایک ہی قیمت رکھیں گے، صوبے اپنی اپنی کابینہ سے حتمی فیصلے لیں گے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ امید ہے اگلے ہفتے سے سرکاری گندم کی ریلیز شروع کر دیں گے، نجی شعبے کو حکومت کے طے شدہ نرخ سے زائد فروخت کی اجازت نہیں۔ حکومت کے پاس گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں، سرکاری گندم کی ریلیز کے لیے لبرل پالیسی ہوگی۔ عوام تسلی رکھیں، سستا اور معیاری آٹا فراہم کیا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.