چنیوٹ: (رپورٹر: راجہ نواز ماہی) صوبہ پنجاب میں زیادتی کا ایک اور دردناک واقعہ سامنے آیا ہے، 7 سالہ بچی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ لنگرانہ کے علاقہ چک 243 کی سات بچی اقصٰی دو روز قبل گھر سے باہر کھیلنے نکلی لیکن واپس نہ آئی۔
دوسرے دن اقصٰی کی لاش قریبی کماد کی فصل سے ملی جس کے سر پر زخموں کے نشان تھے۔ پولیس نے مقتولہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے پانچ مشکوک افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق بچی کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا، مقتولہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے تاہم فرانزک لیب کی رپورٹ موصول ہونے پر حقائق کا پتا چلے گا۔
ذرائع کے مطابق ملزمان کو ٹریس کرنے کے لیے ایس پی انوسٹی گیشن کے زیر نگرانی سپیشل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ جیو فینسنگ کروانے کے بعد علاقہ سے 5 مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا جن کے ڈی این اے ٹیسٹ کروا لئے گئے ہیں۔ مزید مشتبہ افراد کو شامل تفتیش کیا جا رہا ہے۔
ڈی پی او بلال ظفر نے لواحقین سے ملاقات کی اور جلد ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام وسائل بروئے کار لا کر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
تبصرے بند ہیں.