پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 84 مریض جاں بحق، 26497 ہو گئی

164

لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 84 مریض انتقال کرنے سے اس موذی مرض سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 26 ہزار 497 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 63 ہزار 161 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 4 ہزار 62 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں 5 ہزار 383 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 6.43 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 11 لاکھ 94 ہزار 198 تک پہنچ چکی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کورونا وائرس کے باعث سندھ کے بعد خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئی تھیں۔ گزشتہ روز ملک بھر میں کووڈ سے 83 اموات ہوئیں جن میں سے 31 اموات وینٹیلیٹرز پر موجود مریضوں کی تھیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے جاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ روز 3 ہزار 902 افراد کے کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔

ملک کے 4 بڑے شہروں میں وینٹیلیٹرز پر کووڈ۔ 19 کے مریضوں کے تناسب کے لحاظ سے بہاولپور میں 47 فیصد،لاہور میں 55 فیصد،ملتان میں 70 فیصد اور اسلام آباد میں 41 فیصد مریض ہیں۔

اسی طرح سے ملک کے چار بڑے شہروں میں آکسیجن کی سہولیات والے بستروں پر کورونا کے مثبت کیسز کے تناسب کے لحاظ سے گوجرانولہ میں 72 فیصد،صوابی میں 84 فیصد،گجرات میں 63 فیصد اور ملتان میں 57 فیصد مریض ہیں۔

گزشتہ روز کووڈ کے 60 ہزار 537 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے سندھ میں 18 ہزار 523, پنجاب میں 23 ہزار 818، خیبرپختونخوا میں 10 ہزار 516،اسلام آباد میں 5 ہزار 64، بلوچستان میں 1 ہزار 136,گلگت بلتستان میں 714 ٹیسٹس کیے گئے, آزاد کشمیر میں 766 ٹیسٹ شامل ہیں۔

بلوچستان اور آزاد کشمیر میں کووڈ۔19 کا کوئی بھی مریض اس وقت وینٹیلیٹر پر نہیں ہے جبکہ ملک بھر میں کووڈ کے لیے مختص وینٹیلیٹرز پر 551 مریض ہیں۔ ملک بھر میں ایکٹو کیسز کی تعداد 91 ہزار 747 ہے۔

تبصرے بند ہیں.