پاکستان کی افغانستان میں مداخلت ،مریم نوازنے کس کا بیانیہ پڑھا ؟

178

اسلام آباد:وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ مریم صفدر پاکستان کی افغانستان میں مداخلت کا تاثر دے کر ملک دشمنی کر رہی ہیں ،انہیں ملک دشمنی میں اپنے باپ کے نقش قدم پر نہیں چلنا چاہیے۔

 

شہباز گل نے ٹویٹر پر بیان میں کہا ہے کہ مریم صفدر صاحبہ یہ تاثر دینا چاہ رہی ہیں کہ جیسے پاکستان افغانستان کے معاملات میں مداخلت کر رہا ہے،انہوں نے کہا مریم نواز بتائیں یہ کس کا بیانیہ ہے اور کسے خوش کرنے کے لیے؟

 

انہوں نے کہا کہ یہ باتیں انٹرنیشنل فورمز پر پاکستان کیخلاف کوٹ کی جاتی ہیں بالکل ویسے ہی جیسے نواز شریف کا بیان کلبھوشن نے اپنے کیس میں ثبوت کے طور پر پیش کیا۔

واضح رہے اس سے قبل مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کو افغان عوام کی مرضی کے فیصلے تسلیم کرتے ہوئے اس کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے،مریم نواز نے یہ اہم بات احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کہی۔

مریم نواز نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اچھے کیلئے تبدیلی آئے گی، جھوٹی اور جعلی تبدیلی سے عوام کی جان چھوٹ جائے گی۔ جب انتخابات کا اعلان ہو گا تو ن لیگ اپنے امیدواروں کا اعلان کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بالکل نہیں کہا میرٹ پر درخواست نہ سنی جائے، میرے کیس میں میرٹ بہت مضبوط ہیں، بنچ کے سامنے درخواست دینا چاہتی ہوں، درخواست ابھی نہیں بتا رہی، میرے وکلا تیاری کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے خلاف مقدمہ انتقام پر مبنی ہے۔ مخالفین کے خلاف گھناؤنا کھیل جلد ختم ہو گا۔ کب تک مخالفین کو نااہل کراتے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میرے وکیل امجد پرویز کورونا کے باعث ہفتے میں 2 بار حاضر نہیں ہو سکتے، انہوں نے کیس سے علیحدہ ہونے کی درخواست کی ہے۔

تبصرے بند ہیں.