اسلام آباد : فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی نے نازیبا ویڈیوز و تصاویر کے ذریعے بلیک میل کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی سائبر کرائم ونگ نے متاثرہ خواتین کی شکایت پر بہاول پور اور شیخوپورہ میں کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔
ایف آئی اے انچارج کا کہنا ہے کہ ملزمان نے خواتین کی نازیبا ویڈیوز و تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کی تھیں۔
انچارج فیڈرل انوسٹی گیشن سائبر کرائم ونگ نے کہا کہ ملزمان سے نازیبا ویڈیوز، تصاویر اور سمیں بھی برآمد کرلی ہیں۔
فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی کے سائبر کرائم ونگ نے دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
ایف آئی اے کی جانب سے اس سے قبل بھی متعدد ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جو لڑکیوں کو بلیک میل کرنے کےلیے لڑکیوں کی تصاویر وائرل کیں یا فیس بک پر خوبرو لڑکوں کی تصویریں لگا کر لڑکیوں کو اپنی طرف مائل کرکے بلیک میل کرتے تھے۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے 4 ستمبر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں لڑکی کو بلیک میل کرنے والے تین ملزمان کو گرفتار کیا تھا جو پیسوں کا مطالبہ کررہے تھے اور مطالبہ نہ ماننے پر نازیبا تصاویر وائرل کرنے کی دھمکی دے رہے تھے۔
تبصرے بند ہیں.