سی پی ایل کھیلنے میں مصروف قومی کھلاڑی 12 ستمبر کو واپس آئیں گے: پی سی بی

122

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ اور نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کیلئے قومی سکواڈ میں منتخب ہونے والے وہ کھلاڑی جو کیریبین پریمیر لیگ (سی پی ایل) کھیلنے میں مصروف ہیں، 12 ستمبر تک پاکستان واپس آ جائیں گے۔ 
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر محمد حفیظ، اعظم خان، عماد وسیم اور آصف علی کو سلیکٹرز نے نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کیلئے منتخب کیا ہے اور یہ تمام کھلاڑی اس وقت ویسٹ انڈیز میں جاری کیریبین پریمیر لیگ (سی پی ایل) میں شریک ہیں جبکہ عثمان قادر وطن واپسی کے بعد قومی ون ڈے سکواڈ جوائن کر چکے ہیں۔ 
پی سی بی کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کیلئے منتخب ہونے والے قومی کھلاڑیوں کا پہلا کوویڈ ٹیسٹ ان کے گھروں میں 13 ستمبر کو ہو گا جبکہ 16 ستمبر کو تمام کھلاڑی بائیو سیکیور ببل میں داخل ہو جائیں گے اور ہوٹل میں ان کا دوسرا کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا، تمام کھلاڑی ایک روز آئیسولیشن میں گزارنے کے بعد 18 ستمبر سے لاہور میں ٹریننگ کا آغاز کریں گے۔ 
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں 17 ستمبر سے ہو گا اور دوسرا میچ 19 جبکہ تیسرا میچ 21 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز نے تصدیق کی ہے کہ ون ڈے سیریز کے یہ میچز آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔ 
دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی 20 سیریز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی جس کا آغاز 25 ستمبر سے ہو گا جبکہ دوسرا میچ 26 ستمبر، تیسرا میچ 29 ستمبر، چوتھا میچ یکم اکتوبر اور سیریز کا پانچواں میچ 3 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ 

تبصرے بند ہیں.