چینی سفیر کی طالبان کے سیاسی دفتر کے نائب سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

143

کابل: افغانستان میں چینی سفیر نے طالبان کے سیاسی دفتر کے نائب سربراہ مولوی عبدالسلام سے ملاقات کی ہے۔

ترجمان افغان طالبان محمد نعیم نے ٹوئٹر پر اس ملاقات کے حوالے سے تفصیل فراہم کی۔ اطلاعات کے مطابق چینی سفیر وانگ یو نے ملاقات میں افغانستان کیلئے انسانی امداد جاری رکھنے پر زور دیا۔

ملاقات میں باہمی معاملات زیر غور آئے جبکہ چینی سفیر نے افغانستان کے لیے چین کی انسانی بنیادوں پر امداد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

چین نے افغانستان میں قیامِ امن اور تعمیرِ نو کے لیے طالبان کو مشروط مدد کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسی حکومت کو خوش آمدید کہیں گے جس میں تمام طبقوں کی نمائندگی ہو۔

چائنا نیوز سروس کے مطابق چین کی وزارتِ خارجہ نے کہا تھا کہ اگر طالبان شراکت داری پر مبنی حکومت قائم کرتے ہیں اور دہشت گرد جماعتوں سے دوری اختیار کرتے ہیں تو اس صورت میں افغانستان کی تعمیر و ترقی میں بھرپور مدد کریں گے۔

وزارت خارجہ کی ترجمان نے مزید کہا کہ چین کو امید ہے کہ افغانستان میں تمام فریق افغان عوام کی خواہشات اور عالمی برادری کی توقعات کا احترام کریں گے اور سب کے لیے قابل قبول معتدل پالیسیاں بنائیں گے۔

طالبان کی حکومت تسلیم کرنے کے حوالے سے چینی ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت کے اعلان کے بعد ہی اس کا فیصلہ کیا جائے گا اور یہ اس بات پر بھی منحصر ہے کہ حکومت کے خدوخال کیا ہوتے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.