حکومت جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کیلئے پُرعزم ہے: عثمان بزدار

136

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کیلئے پُرعزم ہے ۔ پنجاب کابینہ نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی خودمختاری کیلئے تاریخ ساز فیصلہ کیا ہے ۔
اپنے بیان میں عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے پنجاب گورنمنٹ رولز آف بزنس میں ترمیم کی منظوری دی ہے ۔ جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، سیکرٹریز اور محکموں کے اختیارات کو واضح کر دیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ساؤتھ پنجاب سیکرٹریٹ 3 ڈویژن اور 11 اضلاع پر مشتمل ہوگا ۔ جنوبی پنجاب میں سرکاری محکموں کی تعداد 17 ہوگی ۔ جنوبی پنجاب کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور سیکرٹریز کو انتظامی طور پر مکمل بااختیار بنایا گیا ہے ۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب کے عوام سے کئے وعدہ کی پاسداری کرتے ہوئے عملی قدم اٹھایا ہے ۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی دفعہ ساؤتھ پنجاب کیلئے الگ اے ڈی پی بک کا اجراء کیا گیا ہے ۔ جنوبی پنجاب کے لئے 33 فیصد بجٹ مختص کیا ہے جو کہ 190 ارب روپے بنتا ہے ۔
عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے بجٹ کی رنگ فینسنگ کی ہے اور اب اس بجٹ کو کسی اور مقصد کے لئے استعمال نہیں کیا جا سکتا ۔ جنوبی پنجاب کے لئے سروس ٹربیونل کے قیام کی بھی منظوری دے دی گئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بہاولپور میں بھی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ قائم کیا جائے گا ، جلد سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب کے عوام سے کیا وعدہ پورا کیا ہے ۔ اس تاریخی اقدام سے جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوں گے ۔

تبصرے بند ہیں.