ہمیں غیر مشروط بین الاقوامی امداد کی ضرورت ہے: ترجمان طالبان

141

کابل: افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ہمیں شرائط سے پاک بین الاقوامی انسانی امداد کی ضرورت ہے جس کا خیرمقدم کریں گے۔ 
افغانستان کے دارالحکومت کابل سے جاری کئے گئے ایک بیان میں افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ہم بین الاقوامی امداد کا خیرمقدم کرتے ہیں تاہم یہ امداد شرائط سے پاک ہونی چاہئے۔ 
یاد رہے کہ طالبان کے افغانستان پر کنٹرول کے نتیجے میں امریکہ نے فنڈز تک طالبان کی رسائی روکنے کیلئے اپنے بینکوں میں افغان حکومت کے 9 ارب 50 کروڑ ڈالر کی مالیت کے اکاؤنٹس منجمد کر دئیے تھے۔ 
بائیڈن انتظامیہ کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ افغان حکومت کے امریکہ میں موجود کسی بھی مرکزی بینک کے اثاثوں تک طالبان کو رسائی نہیں دی جائے گی جبکہ بائیڈن انتظامیہ طالبان پر دباؤ ڈالنے کیلئے دیگر اقدامات پر بھی غور کرتی رہی۔ 
واضح رہے کہ افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے افغانستان کے آخری صوبے پنج شیر میں فتح کا اعلان کر دیا اور کہا کہ اللہ کی مدد اور قوم کی حمایت سے پنج شیر میں کامیابی حاصل کی ہے اور وادی پر امارت اسلامی کا قبضہ ہو چکا ہے۔
ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ شمالی اتحاد کے متعدد کمانڈر اور جنگجو مارے گئے جبکہ کئی فرار ہو گئے اور امید ہے کہ پنج شیر کے عوام کو آئندہ استحصال کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا، پنج شیر کے عوام ہمارے بھائی ہیں ، اس لئے کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہو گی بلکہ ہم سب مل کر ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.