سیاحتی ویزے پر یواے ای جانے والے پاکستانیوں کیلئے اہم ہدایات

157

 

ابوظہبی : دنیا بھر کو اس وقت کورونا وبا کا سامنا ہے تاہم ویکسی نیشن کی وجہ سے اب کورونا کیسز میں کمی آ رہی ہے۔ امارات کی جانب سے کئی ممالک کے مسافروں کی آمد پر پابندی لگائی گئی تھی جن میں پاکستان بھی شامل تھا۔ اب یہ پابندی ختم کردی گئی ہے۔ پانچ ستمبر سے پاکستان ، بھارت ، نائیجیریا اور دیگر ممالک سے ٹرانزٹ ٹریفک پر پابندی بھی ختم کردی جائے گی۔

 

خلیجی اخبار کے مطابق 30 اگست سے ان ممالک سے سیاحتی ویزوں پر امارات آنے کے خواہشمند افراد سے درخواستیں وصول کرنا شروع کردی ہیں۔ اماراتی حکام کے مطابق جن افراد نے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا رکھی ہیں وہ سیاحتی ویزے پر امارات آسکیں گے۔ اس حوالے سے درخواستیں موصول کی جا رہی ہیں۔ ان ممالک سے آنے والے تمام مسافروں کا اماراتی ایئرپورٹ پر پی سی آر ٹیسٹ لیا جائے گا۔

 

اماراتی وزارت صحت حکام کے مطابق سیاحوں کو عالمی ادارہ صحت سے منظور شدہ ویکسینز میں سے کوئی ایک ویکسین لگوانے کے بعد ہی مارات آنے کی جازت ہوگی۔ وہ مسافر جو امارات میں ویکسی نیٹڈ افراد کو فراہم کیے جانے والے فوائد حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ آئی سی اے پلیٹ فارم یا الحسن ایپلی کیشن کے ذریعے ویکسی نیشن رجسٹر کرواسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ امارات نے 5 اگست کو امارات کے ویزہ ہولڈرز پاکستانیوں کو مملکت واپس آنے کی جازت دے دی تھی۔

 

اس مقصد کے لیے پاکستانی ایئرپورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی شرط عائد کی گئی تھی جو پرواز سے چار گھنٹے پہلے کروانا ہوتا تھا۔ ابتدا میں ایئرپورٹس پر یہ سہولت مہیا نہ ہونے کی وجہ سے ہزاروں پاکستانی امارات روانہ نہ ہوسکے تھے تاہم بعد میں تمام ایئرپورٹس پر یہ سہولت فراہم کردی گئی  جس کے بعد اب تک ہزاروں پاکستانی واپس جا چکے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.