ہوٹلوں اور کرائے کے گھروں میں خفیہ کیمرے کیسے تلاش کئے جائیں

425

لندن : ہوٹل کے کمروں یا کرائے کے گھروں میں خفیہ کیمروں کے ذریعے لوگوں کی ویڈیوز بنائے جانے کے واقعات اکثر رپورٹ ہوتے رہتے ہیں۔

ان ویڈیو ز اور خفیہ کیمروں سے بچنے کا طریقہ تلاش کرلیا گیا ہے ۔

ماہرین نے لوگوں کو خبردار کیا ہے اور بتایا ہے کہ ان کیمروں کو کیسے ڈھونڈا جاسکتا ہے؟ ہوٹلوں کے کمروں میں ٹھہرنے سے قبل یہ جان لیں کہ کہیں خفیہ کیمروں سے آپ کی ریکارڈنگ تو نہیں کی جا رہی۔

رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک پر خود کو سابق ہیکر کہنے والے ایک شخص نے ہوٹل کے کمروں میں موجود خفیہ کیمرے کو تلاش کرنے کا ایک آسان طریقہ بتا دیا ہے جس پر عمل کرکے آپ ہوٹل میں قیام کے دوران خود کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔

مارکس نامی ٹک ٹاکر نے بتایا کہ آئندہ آپ جب کبھی ہوٹل کے کمرے یا کرائے کے گھر میں جائیں تو ایک فلیش لائٹ لے کر پورے کمرے اور اس میں پڑی مختلف چیزوں کا بغور جائزہ لیں۔

انہوں نے بتایا کہ جس جگہ خفیہ کیمرا چھپایا گیا ہو گا، وہاں فلیش لائٹ پڑنے سے کیمرا چمک اٹھے گا اوراس سے نیلے رنگ کی روشنی آپ کو نظر آ ئے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ کیمرے کے لینز روشنی کو منعکس کرتے ہیں۔ جب ان پر روشنی پڑتی ہے تو منعکس ہو کرآنے والی نیلگوں روشنی آپ کو نظر آتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بیڈ کے ساتھ ٹیبل پر موجود ڈیجیٹل گھڑی میں خفیہ کیمرہ نصب ہو سکتا ہے لہذا فلیش لائٹ کی مدد سے آپ اسے تلاش کرسکتے ہیں۔

اس کے علاوہ بستر کے اوپر موجود فائر الارم میں بھی خفیہ کیمرہ چھپایا جا سکتا ہے جب کہ روشن دانوں اور کھڑکیوں میں بھی یہ اکثر چھپایا جاتا ہے۔

مارکس کا کہنا تھا کہ ہوا کی نکاسی کی جگہ، بجلی کے بورڈ ، غرض کمرے میں موجود ہر چیز کو چیک کریں کیونکہ ہیکرز کسی بھی جگہ پر کیمرا چھپا سکتے ہیں، حتیٰ کہ اگر کمرے میں شیمپو کی بوتل پڑی ہے تو اسے بھی چیک کریں۔

تبصرے بند ہیں.