کراچی میں ڈمپر نے فٹ پاتھ پر سوئے مزدوروں کو کچل دیا، 2 نوجوان جاں بحق

145

کراچی: شہر قائد میں ٹریفک کا افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے جہاں ایک ڈمپر ڈرائیور کی غفلت نے فٹ پاتھ پر سوئے دو نوجوانوں کو کچل دیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی عمریں محض 15 اور 15 سال کے درمیان تھیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ آلاصف سکوائر کے قریب پیش آیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ڈرائیور ڈمپر کو ریورس کر رہا تھا، اسے اندازہ ہی نہیں ہوا کہ فٹ پاتھ پر مزدور بھی سو رہے ہیں، ڈرائیور کی غفلت نے ان میں سے دو کو کچل کر مار دیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور ڈمپر تلے کچلے دونوں نوجوانوں کی لاشوں کو نکال کر ہسپتال منتقل کیا۔ یہ دونوں نوجوان ایک پنکچر شاپ پر ملازم تھے۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق بے رحمی اور غفلت سے کچلے جانے والے نوجوانوں کی شناخت 16 سالہ ارباز اور 15 سالہ عبدالجبار کے نام سے ہوئی ہے۔

دوسری جانب پولیس نے حادثے میں ملوث ڈرائیور کو حراست میں لے کر اس کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زیر حراست ڈرائیور سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

تبصرے بند ہیں.