جنیوا: انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے سابق صدر جیکوس روگی انتقال کر گئے ہیں۔ آنجہانی کی عمر 79 برس تھی۔ کمیٹی اراکین نے اپنے سابق ساتھی کے انتقال پر ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
جیکوس روگی نے 2001ء سے 2013ء تک انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔ ریٹائرمنٹ کے بعد ان کی خدمات کے صلے میں انھیں اعزازی صدر کا عہدہ دیدیا گیا تھا۔
اولمپکس کمیٹی کے حالیہ صدر تھامس بیخ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جیکوس روگی کھیلوں سے پیار کرنے والے انسان تھے۔ انہوں نے ہر کھلاڑی میں یہ جذبہ منتقل کرنے کی کوشش کی۔ انھیں ہمیشہ ایک اچھے انسان کے طور پر بھی یاد رکھا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جیکوس روگی نے انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کی ترقی اور کھیلوں کے فروغ کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے نوجوانوں میں مقبول کھیلوں کو اولمپکس میں شامل کرنے میں بہت اہم کردار ادا کیا۔ ان کی کاوشوں کی بدولت ہی یوتھ اولمپک گیمز کا انعقاد ممکن ہوا تھا۔
تھامس بیخ نے کہا کہ اولمپکس کمیٹی کے سابق صدر جیکوس روگی کھیلوں سے جتنی محبت کرتے اس سے کہیں زیادہ انھیں نفرت انھیں ممنوعہ ادویات کے استعمال سے تھی، وہ طاقت بڑھانے والی ادویات کے بہت خلاف تھے۔
اولمپکس کمیٹی کے صدر نے کہا کہ جیکوس روگی کی اچانک رحلت سے کھیلوں کی دنیا سوگوار ہے۔ ہم انھیں کھیلوں کے مداح کے طور پر ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
خیال رہے کہ جیکوس روگی پیشے کے اعتبار سے آرتھوپیڈک سرجن تھے لیکن کھیل کی دنیا میں بھی انہوں نے بڑا نام کمایا تھا۔ بیلجیم سے تعلق رکھنے والے روگی نے اپنے ملک کی رگبی ٹیم کی بھی سالوں تک نمائندگی کی تھی۔ اس کے علاوہ انہوں نے کشتی رانی کے عالمی مقابلوں میں بھی حصہ لیا تھا۔
تبصرے بند ہیں.