شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد ہلاک

213

راولپنڈی: خیبرپختونخواہ کے علاقے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں دہشت گردی کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔

 

پاک فوج کے اہلکاروں کے پہنچتے ہی دہشت گردوں نے فورس پر فائرنگ کی، جس پر اہلکاروں نے بھرپور مقابلہ کیا اور جوابی فائرنگ کی۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا اور باقی دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے زیراستعمال ہتھیار اور گولیاں بڑی تعداد میں برآمد کی گئیں ہیں۔

 

یاد رہے کہ بائیس اگست کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا تھا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا، جس کے قبضے سے ہتھیار اور گولیاں برآمد ہوئیں۔

 

سیکیورٹی فورسز نے دہشت گرد کے ساتھیوں کی تلاش اور موجودگی کو مدنظر رکھتے ہوئے علاقے میں کئی گھنٹے طویل آپریشن کیا تھا۔ اس سے قبل 17 اور 18 اگست کی درمیانی شب جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں نے فوجی چوکی پر فائرنگ کی تھی، فائرنگ کے نتیجے میں نائب صوبیدار سونے زئی شہید ہوگئے تھے اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد بھی ہلاک ہو گیا تھا۔

 

تبصرے بند ہیں.