اوکاڑہ: پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں حکومت کی جانب سے گدھوں کا پہلا سرکاری فارم تیار کر لیا گیا۔
اوکاڑہ کے معروف سرکاری فارم بہادر نگر میں گدھوں کی افزائش نسل کے لیے حکومت پنجاب کی طرف سے گدھوں کا پہلا سرکاری فارم تیار کیا گیا ہے۔
اس فارم میں اعلیٰ نسل کے گدھوں کی افزائش پر کام کیا جا رہا ہے۔ چین اور دیگر ممالک کی جانب سے گدھوں کی ڈیمانڈ بڑھنے کے بعد پنجاب حکومت نے افزائش نسل کر کے گدھوں کو ایکسپورٹ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
1916 میں قائم ہونے والے تین ہزار پچاس ایکڑ رقبے پر مشتمل بہادر نگر فارم اوکاڑہ میں پاکستان میں گدھوں کا پہلا سرکاری فارم ہے جہاں پر امریکا سمیت کئی ملکوں کے گدھوں کی اعلیٰ نسل پیدا کی جا رہی ہے۔
چین اور دیگر ممالک میں گدھوں کی طلب میں اضافے کے باعث پنجاب حکومت نے اس منصوبے پر کام کا آغاز کیا ہے جس کے نتیجے میں بہادر نگر فارم اوکاڑہ سے بریڈ ہونے والے گدھوں کی ایکسپورٹ سے کثیر زرمبادلہ کمایا جائے گا۔
ایک محتاط اندازے کے مطابق اوکاڑہ بہادر نگر فارم میں 1916 سے گدھوں کی افزائش نسل پر کام ہو رہا ہے۔ پنجاب حکومت نے اس کام میں دل چسپی کا اظہار کیا ہے۔ گدھی کا دودھ اور چمڑہ چین کاسمیٹک مصنوعات اور ادویات میں استعمال کرتا ہے اور وہ مہنگی فروخت ہوتی ہیں۔
بہادر نگر فارم اوکاڑہ کے منیجر ڈاکٹر منصور مبین کا کہنا ہے کہ بدلتے ہوئے معاشی رجحانات ہمارے دیہاتوں میں انقلاب لا رہے ہیں اور امید ہے کہ اس پروجیکٹ سے ملکی دیہاتوں میں لوگوں کے پاس اعلیٰ نسل کے گدھے ہوں گے جن سے وہ نہ صرف مال برداری کا کام لیں گے بلکہ ان کی فروخت سے کثیر زرمبادلہ کمائیں گے۔
تبصرے بند ہیں.