کابل ایئرپورٹ دھماکے، امریکی صدر جوبائیڈن کا داعش سے بدلہ لینے کا اعلان

224

واشنگٹن: امریکی صدر نے کابل ایئرپورٹ دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم داعش کو معاف کریں گے نہ بھولیں گے، اس دہشتگردی میں ملوث عناصر سے بدلہ لیا جائے گا۔ جوبائیڈن خطاب کے دوران امریکی فوجیوں کی ہلاکت پر آبدیدہ ہوگئے۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے کابل ایئرپورٹ پر دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہلاک ہونے والے ہمارے ہیرو ہیں، حملہ آوروں کو ہرگز معاف نہیں کریں گے، ان کا پیچھا کرکے شکار کریں گے۔

افغانستان کی صورتحال پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ گزشتہ 12 گھنٹے میں 7 ہزار افراد کا انخلا کیا گیا، ہم مقررہ وقت تک زیادہ سے زیادہ افراد کے انخلا کی کوشش کریں گے۔

جوبائیڈن نے کہا کہ افغانستان سے انخلا کا مشن انتہائی خطرناک ہے جسے ہم کامیابی سے مکمل کریں گے۔ داعش کے دہشت گرد ہرگز کامیاب نہیں ہو سکتے، آج جو زندگیاں کھو دیں وہ آزادی کی خدمت میں گئیں، اگر افغانستان میں اضافی فوجیوں کی ضرورت پڑی تو بھیجیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کابل دھماکوں میں طالبان اور داعش کے گٹھ جوڑ کے شواہد نہیں ملے، حملہ آوروں کی قیادت اور اثاثوں کو نشانہ بنانے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب یو ایس سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل مکینزی کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیم داعش کے دو خود کش حملہ آوروں نے کابل ایئرپورٹ پر حملہ کیا، دھماکوں کے بعد فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

جنرل مکینزی نے کہا کہ زخمیوں کا مختلف ہسپتالوں اور ایئرپورٹ پر علاج جاری ہے، مزید تحقیقات کیساتھ ساتھ امریکی شہریوں کو نکالنے کا مشن جلد مکمل کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔

امریکی جنرل نے کہا کہ طیاروں کی حفاظت بھی ضروری ہے تاکہ ان پر حملے نہ کیے جا سکیں۔ ہم اب تک ایک لاکھ 4 ہزار افراد کو افغانستان سے نکالنے میں کامیاب ہو چکے ہیں جبکہ ایک ہزار امریکی فوجی اب بھی افغانستان میں موجود ہیں۔ انہوں نے داعش کے حملے جاری رہنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا۔

تبصرے بند ہیں.