امریکا سے فائزر ویکسین کی37 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئیں

134

اسلام آباد: کوویکس پروگرام کے تحت امریکا سے فائزر ویکسین کی 37 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئیں۔

 

امریکا نے پاکستان کو فائزر ویکسین کی مزید 37 لاکھ خوراکیں عطیہ کی ہیں جس کے بعد امریکا پاکستان کو بیرون ممالک میں تسلیم کی جانے والی ویکسین عطیہ کرنے والا سب سے بڑا ملک بن گیا ہے۔

 

امریکی ناظم الامور اینجلا پی ایگلر کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ویکسین فراہم کرنے پر انتہائی خوشی ہے اور ویکسین لگوا کر آپ خود کو اور اپنے پیاروں کو بچا سکتے ہیں ۔

 

ان کا کہنا تھا کہ مجھے بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ امریکا نے فائزر ویکسین کی 37 لاکھ خوراکیں پاکستانی عوام کے لیے عطیہ کی ہیں اور ویکسین کی یہ خوراکیں گزشتہ ماہ امریکا کی جانب سے عطیہ کی جانے والی موڈرنا ویکسین کی 55 لاکھ خوراکوں کے علاوہ ہے اور ابھی تک امریکا کی جانب سے 90 لاکھ سے زائد ویکسین کی خوراکیں پاکستان کو عطیہ کی جا چکی ہیں ۔

 

امریکی ناظم الامور کا کہنا تھا کہ موجودہ صورت حال میں کورونا کے خاتمے کے لیے پہلے سے زیادہ ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے اور موذی وباؤں سے پاک اور محفوظ دنیا کی تعمیر کے لیے مل کرکوششیں کرتے رہیں گے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ ہم بار ہا کہہ چکے ہیں کہ کورونا کی عالمی وبا سے اکیلے کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا اور ہمیں اپنی کوششیں، مہارتیں اور وسائل کو یکجا کرنا ہو گا اور تباہ کن کورونا وبا سے بچاؤ میں امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

 

خیال رہے کہ کوویکس کورونا ویکسین کو پوری دنیا کے درمیانے اور کم آمدنی والے ممالک میں منصفانہ طور پر پہنچانے کے لیے عالمی ادارہ صحت اور دیگر اداروں کا خصوصی پروگرام ہے۔

 

تبصرے بند ہیں.