حکومت 2023ءتک برآمدات کو ریکارڈ سطح پر لے جائے گی: عبدالرزاق داؤد

137

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ حکومت صنعتی شعبے کو بہتر کاروباری ماحول کی فراہمی کے ذریعے سال 2023ءتک برآمدات کو ریکارڈ سطح پر لے جائے گی۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق بورڈ آف انویسٹمنٹ (بی او آئی) کی جانب سے منعقدہ ساتویں ریفارمز ایکشن پلان کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ کاروبار میں آسانی (ای او ڈی بی) کی درجہ بندی میں بہتری سے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ورلڈبینک کی ’کاروبار میں آسانی‘ کی فہرست میں پاکستان گزشتہ 2 سالوں کے دوران 148 سے 108 نمبر پر آ چکا ہے جو ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی ترقی میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جبکہ حکومت کاروباری لاگت میں کمی لانے کیلئے بھی پرعزم ہے۔ 
عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ حکومت کو جن مرکزی شعبوں میں کام کرنا ہے ان میں ایک ملک میں کاروبار میں آسانی کی فہرست میں پاکستان کی درجہ بندی کو بہتر کرنا بھی شامل ہے تاکہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو کاروبار کیلئے بہتر ماحول دیا جا سکے جبکہ حکومت کاروباری اخراجات میں کمی لانے کیلئے بھی کوشاں ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.