ڈھاکا: نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی فن ایلن کا ڈھاکا میں کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔
نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم بنگلادیش کے دورے پر آج ہی ڈھاکا پہنچی ہے جہاں ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کی کورونا ٹیسٹنگ کی گئی جبکہ کیوی کھلاڑی مقامی ہوٹل میں تین دن قرنطینہ کریں گے۔
دو روز قبل انگلینڈ سے بنگلادیش پہنچنے والے نیوزی لینڈ کے کرکٹر فن ایلن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد انہیں ہوٹل میں ہی قرنطینہ کرلیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق فن ایلن انگلینڈ میں دی ہنڈریڈ کھیل کر گرینڈ ہوم کے ہمراہ 22 اگست کو ڈھاکا پہنچے تھے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فن ایلن کی ویکسینیشن مکمل ہوچکی ہے اور اس وقت بھی ان میں کورونا کی معمولی علامات ہیں۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم بنگلادیش کے خلاف 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گی۔ نیوزی لینڈ کا بنگلادیش کے بعد پاکستان کا دورہ شیڈول ہے۔
تبصرے بند ہیں.