کنگسٹن ٹیسٹ، چوتھے روز ویسٹ انڈیز کی ٹیم 150 رنز پر ڈھیر ہو گئی

134

کنگسٹن: دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان چوتھے روز کا کھیل جاری ہے۔

 

ویسٹ انڈیز نے چوتھے روز اپنی پہلی اننگز 39 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی۔ گزشتہ روز پاویل پانچ، بریتھ ویٹ 4 اور روسٹن چیس 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تھے۔

 

چوتھے روز ویسٹ انڈیز کی ٹیم 150 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور پاکستان 152 رنز کی برتری کے ساتھ اپنی دوسری اننگز شروع کرے گا۔

 

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 6،محمد عباس نے 3 اور فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی ہے۔

 

تیسرے دن پاکستان نے 302 رنز نو کھلاڑی آوٹ پر اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔ فواد عالم نے کیریئر کی پانچویں سنچری بنائی، وہ 124 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ 

 

فواد عالم  تیز ترین  5 ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے ایشین بیٹسمین بن گئے ۔انہوں نے 5 سنچریاں 22 ٹیسٹ اننگز میں مکمل کیں اور بھارت کے چیتیشور پجارا کو پیچھے چھوڑا جنہوں نے 24 اننگز میں یہ کارنامہ سر انجام دیا تھا۔

 

گزشتہ روز کی بارش کے باعث آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے ٹیسٹ کے تیسرے روز پہلے سیشن میں صرف آٹھ گیندیں پھینکی جاسکی تھیں۔

 

دوسرے سیشن میں کھیل شروع ہوا تو جیڈن سیلز نے فہیم اشرف کو ایل بی ڈبلیو کیا وہ 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ جیسن ہولڈر نے لگاتار گیندوں پر محمد رضوان اور نعمان علی کی وکٹیں حاصل کیں۔

 

رضوان 31 اور نعمان علی کوئی رن نہ بناسکے۔ دوسرے اینڈ پر فواد عالم نے کیریئر کی پانچویں سنچری بنائی۔ حسن علی نو رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ شاہین آفریدی 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ فواد عالم 124 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

 

پاکستان نے 302 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کردی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمار روچ اور جیڈن سیلز نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جیسن ہولڈر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

 

تبصرے بند ہیں.