کابل ایئرپورٹ کے قریب بھگدڑ سے 7 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

174

کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ایئرپورٹ کے قریب بھگدڑ مچنے سے مزید سات افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

خیال رہے کہ افغانستان چھوڑنے کی خواہش رکھنے والے ہزاروں افراد کابل ایئرپورٹ کے باہر موجود ہیں۔ یہ ہزاروں افراد اپنے اہلخانہ کے ہمراہ روزانہ آس لگائے بیٹھے ہیں کہ انھیں بھی امریکا یا دیگر مغربی ممالک لے جایا جائے۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ آج کابل ہوائی اڈے کے باہر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں 7 افغان شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

یہ ہلاکتیں بھگدڑ مچنے سے پیش آئیں۔ اس افسوسناک واقعے میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے جنھیں ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

صورتحال کے پیش نظر امریکا نے اپنے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ کابل ایئرپورٹ کی جانب نہ آئیں کیونکہ ایسا کرنے سے ان کی جانوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

طالبان حکام نے کابل ایئرپورٹ کے باہر افراتفری سے بچنے کیلئے سختی شروع کر دی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ لوگوں کا نظم وضبط برقرار رکھنے کیلئے ہوائی فائرنگ اور لاٹھی چارج کا سہارا بھی لیا جا رہا ہے۔

رائٹرز کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ہوائی اڈے کے اطراف میں بھگدڑ اور فائرنگ کے واقعات میں اب تک 12 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کابل ایئرپورٹ پر اس وقت بھی ہزاروں افراد موجود ہیں جو اندر جانے کی تگ ودو میں مصروف عمل ہیں، ان کی تعداد میں روز بروز اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اگر صورتحال ایسے ہی رہی تو مزید حادثات پیش آنے کا خدشہ ہے۔

تبصرے بند ہیں.