افغانستان میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کا کردار سب سے اہم ہے: فواد چوہدری

133

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کا کردار سب سے اہم ہے،پرامن اور مستحکم افغانستان کیلئے ہماری کوششیں جاری ہیں۔ 
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے افغانستان کی صورتحال سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن اور استحکام کیلئے پاکستان کا سب سے اہم کردار ہے، پاکستان کی کوششوں کو دنیا میں سراہا جا رہا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے تمام عالمی اور علاقائی طاقتوں کے ساتھ ہمارا قریبی رابطہ ہے، افغانستان میں حکومت سازی افغانستان کے عوام نے کرنی ہے لہٰذا پرامن اور مستحکم افغانستان کیلئے ہماری کوششیں جاری رہیں گی۔ 
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کابل میں پاکستانی سفارتخانے کو انٹرنیشنل میڈیا سمیت پوری دنیا میں پذیرائی مل رہی ہے،کابل میں پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث صحافیوں، انٹرنیشنل میڈیا کے ارکان، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور مختلف سفارت خانوں کے عملہ کا انخلاءمشکل ہوگیا تھا۔ 
انہوں نے کہا کہ ان مشکل حالات میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے کابل سے انخلاءمیں تقریباً 1400 افراد کو مدد فراہم کی اور اب تک تقریباً 4 ہزار ویزے جاری کئے جا چکے ہیں اور 2 ہزار کے قریب لوگوں کو کابل سے نکالا جا چکا ہے۔

تبصرے بند ہیں.