فواد عالم زبردست کھیل پیش کر رہے ہیں، ہمیں ان سے سیکھنا چاہئے: بابراعظم

167

جمیکا: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ مڈل آرڈر بلے باز بابراعظم شاندار فارم میں ہیں اور زبردست کھیل پیش کر رہے ہیں، امید ہے ہم دوسرے روز ہدف حاصل کر لیں گے۔ 
ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے کھیل سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ کھیل کے آغاز میں باؤلرز کو پچ سے مدد مل رہی تھی جس کے باعث جلد وکٹیں گریں لیکن ابتدائی تین کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد فواد عالم نے بھرپور ساتھ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ فواد عالم سے بات ہوئی تھی کہ ٹیم کو مشکل سے نکالنے کیلئے طویل پارٹنرشپ ضروری ہے اور دونوں اس بات پر متفق تھے کہ رنز بنانے کیلئے کریز پر زیادہ دیر تک رکنا ہو گا، پارٹنرشپ کے دوران فواد کے ساتھ سیشن بائی سیشن اپنے اہداف مقرر کئے، فواد عالم لاجواب فارم میں ہیں اور زبردست کھیل پیش کررہے ہیں۔
کپتان قومی ٹیم کا کہنا تھا کہ فواد عالم مشکل وقت میں جس طرح کا کھیل پیش کرتے ہیں، ہمیں ان سے سیکھنے کی ضرورت ہے، فواد عالم کو بیٹنگ کے دوران کریمپس پڑے ہیں، ٹیم ڈاکٹر اور فزیو ان کا علاج کر رہے ہیں لیکن پریشانی کی کوئی بات نہیں کیونکہ وہ کل بیٹنگ کیلئے میدان میں آئیں گے۔ 
بابراعظم نے کہا کہ پہلی اننگز میں 300 سے 350 رنز بنانا ہمارا ہدف ہے، محمد رضوان اور فہیم اشرف کریز پر موجود ہیں، امید ہے ہم دوسرے روز ہدف حاصل کرلیں گے، طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں انفرادی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے بہت محنت کررہا ہوں اور اس بات کی بہت خوشی ہے کہ محنت کا پھل رہا ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.