کوئٹہ: گوادر میں ایکسپریس وے کے قریب دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں دو بچے جاں بحق جبکہ دو بچے اور ایک چینی شہری زخمی ہو گیا۔
وزارت داخلہ نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گوادر میں ایسٹ بے ایکسپریس وے پر پاکستان آرمی اور پولیس کے دستوں کی مربوط سیکورٹی کے ہمراہ چار گاڑیوں پر مشتمل چینی شہریوں کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا، واقعہ فشر مین کالونی کے قریب کوسٹل روڈ پر پیش آیا۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ چینی شہریوں کی گاڑیوں کا قافلہ جب فشر مین کالونی کے قریب پہنچا تو ایک نوجوان کالونی سے باہر بھاگا ہوا آیا، خوش قسمتی سے سادہ لباس میں پاکستان آرمی کے جوانوں نے اسے روکنے کی کوشش کی جس نے قافلے سے 15 سے 20 میٹر کے فاصلے پر خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا۔
وزارت داخلہ کے مطابق دھماکے سے ایک چینی شہری زخمی ہوا جبکہ جائے وقوعہ پر کھیلنے والے دو بچے جاں بحق اور دو شدید زخمی ہوئے گئے۔ چینی شہری اور بچوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
تبصرے بند ہیں.