افغانستان کے حوالے سے وزیراعظم نے فواد چوہدری کو اہم ٹاسک سونپ دیا

153

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو افغانستان سے متعلق پاکستان کے موقف کو عالمی میڈیا پر اجاگر کرنے کا ٹاسک دے دیا۔ 

 

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت افغانستان کی صورتحال پر اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں شرکا نے اجلاس میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر مشاورت کی۔

 

اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کے حوالے سے وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کو اہم ٹاسک سونپ دیا اور انہیں ہدایت دی کہ افغانستان کے مسئلے پر پاکستان کے موقف کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا جائے،عالمی میڈیا پر بھی پاکستان کا بھرپور موقف آنا چاہیے۔

 

وزیراعظم نے اجلاس کے دوران وزرا کو افغانستان سے متعلق حکومتی کے موقف سے آگاہ کیا۔ شرکا کو افغانستان میں جاری غیرملکی باشندوں کے اخراج، چمن اور طورخم بارڈرز کی صورتحال، پی آئی اے کے آپریشنز اور پاکستانی سفارت خانے کی کارکردگی پر بھی بریفنگ دی گئی۔

 

اس سے قبل ترک میڈیا کو انٹر ویو دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کالعدم  ٹی ٹی پی کو ہندوستان سے فنڈز ہی نہیں ملیں گے تو ان کی کمر ٹوٹ جائے گی،انہوں نے کہا پاکستان کا طالبان پر کنٹرول نہیں ہے اور نہ ہی طالبان کے حوالے سے فیصلہ کرنے کا کوئی اختیار ہے۔

 

فواد چوہدری نے کہا ہم افغانستان میں ایک ایسی حکومت تشکیل دینا چاہتے ہیں جس پر تمام گروپوں کا اتفاق ہو،تر ک میڈیا کو انٹر ویو کے دوران فواد چوہدری نے کہا  پاکستان نے کابل کی حکومت کے ساتھ بھی طالبان کے مذاکرات کرانے کی کوشش کی لیکن بدقسمتی سے اشرف غنی کا رویہ درست نہیں تھا،وزیر اعظم عمران خان نے دورہ کابل میں بھی اشرف غنی کو سمجھانے کی کوشش کی لیکن افسوس کہ انہوں نے پاکستان کی بات نہیں سنی ۔

تبصرے بند ہیں.