افغانستان چھوڑنے کی کوشش میں امریکی جہاز سے گرنے والا فٹبال ٹیم کا کھلاڑی تھا

173

کابل :افغانستان چھوڑ نے کی خواہش دل میں لے کر مرنے والے کی شناخت افغان فٹبال ٹیم کے کھلاڑی کے طورپر ہوئی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان چھوڑ کر جانے کی کوشش کے دوران امریکی طیارے سے گر کر ہلاک ہونے والے نوجوان کی شناخت زکی انوار کے طور پر ہوئی ہے جو افغانستان کی فٹبال ٹیم کا کھلاڑی تھا ۔

15 اگست کو طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد حامد کرزئی ائیرپورٹ پر غیر ملکیوں سمیت افغان شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی جو ملک چھوڑ کر  باہر جانا چاہتی ہے، اسی کوشش کے دوران کابل ائیرپورٹ پر امریکیC-17  طیارے کے پہیوں سے 2 نوجوان چمٹ گئے تھے اور دوران پرواز بلندی سے زمین پر گر کر ہلاک ہوگئے، ان میں سے ایک نوجوان کی شناخت افغان فٹبالر کے طور پر ہوئی ہے۔

افغانستان کے ڈائریکٹوریٹ جنرل برائے اسپورٹس اور فزیکل ایجوکیشن نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امریکی طیارہ سے گرکر ہلاک 19 سالہ نوجوان کا تعلق افغان یوتھ فٹبال ٹیم سے تھا جس کا نام زکی انوار ہے جو مایوسی اور غیر یقینی کی صورتحال کے باعث ملک چھوڑنا چاہتا تھا تاہم طیارے سے گر کر ہلاک ہوگیا۔

واضح رہے کہ کابل میں طالبان کے داخل ہونے اور صدارتی محل پر قبضے کے بعد ہزاروں کی تعداد میں افغان شہری ملک چھوڑنے کے لیے حامد کرزئی ایئرپورٹ پر جمع ہوگئے تھے، اسی دوران 2 نوجوان طیارے کے پہیوں سے چمٹ گئے اور دوران پرواز بلندی سے زمین پر گر کر ہلاک ہوگئے۔ اس کے علاوہ کابل سے قطر جانے والے امریکی طیارے کے پہیے سے ایک افغان شہری کی بری طرح کچلی ہوئی لاش کی باقیات بھی ملی تھیں۔

تبصرے بند ہیں.