بھارت سے تجارت نہیں روکی ، تمام ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں: طالبان

158

 

کابل : بھارت کی جانب سے تجارت روکے جانے کے الزام پر طالبان  نے کہا ہے کہ امارات اسلامی تمام ممالک کے ساتھ اچھے سفارتی اور تجارتی تعلقات چاہتی ہے۔

 

ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹر پر پیغام میں لکھا کہ ہم نے کسی بھی ملک کے ساتھ تجارت نہ کرنے کی بات نہیں کی۔ ہم ان افواہوں کو مسترد کرتے ہیں جو سچ نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ آج صبح انڈیا نے کہا تھا کہ طالبان نے سرحد پار تجارت کو بند کر دیا ہے۔ دونوں ملک کے درمیان کارگو یعنی تجارتی سامان لے جانے کے لیے پاکستان کے زمینی راستے استعمال ہوتے ہیں۔

 

فیڈریشن آف انڈین ایکسپورٹ آرگنائزیشن (ایف آئی ای او) کا کہنا ہے کہ تجارت کا سلسلہ اب بند کر دیا گیا ہے جس کے باعث کروڑوں ڈالر کے سامان کی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔

 

انڈیا افغانستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور انھوں نے افغانستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ہے جس میں ملک کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے انھوں نے تین ارب ڈالر لگائے ہیں جن کی مدد سے ڈیم، سرکاری عمارتیں، سڑکیں اور سکول وغیرہ تعمیر کیے گئے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.