پی آئی کی مزید کوئی پرواز کابل نہیں جائے گی: ترجمان

162

لاہور: افغانستان میں پھنسے غیرملکیوں کو پاکستان لانے کیلئے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی مزید کوئی پرواز آج کابل نہیں جائے گی اور آئندہ حکمت عملی کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ 
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ اے خان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی بدھ کی شام کابل جانے والی پرواز آج صبح پاکستانیوں، غیر ملکی سفارتی مشن اور اہم عالمی اداروں کے لوگوں کو کابل سے لے کر اسلام آباد پہنچی ہے۔ ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ آج مزید کوئی پرواز کابل بھیجنے کا فیصلہ نہیں ہوا ہے اور جوں ہی صورتحال واضح ہو گی تو پی آئی اے اپنی اگلی حکمت عملی کا اعلان کرے گی۔ 
واضح رہے کہ افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد غیر ملکیوں اور افغان شہریوں کی بڑی تعداد ملک سے باہر جانا چاہتی ہے، کئی ممالک کی جانب سے ان کے کابل میں پھنسے شہریوں کو افغانستان سے پاکستان لانے کیلئے پی آئی اے سے درخواست کی گئی تھی جس پر ائیرلائن انتظامیہ نے خصوصی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
پی آئی اے انتظامیہ نے روزانہ کی بنیاد پر 3 بوئنگ 777 طیارے کابل بھیجنے کا اعلان کیا تھا اور خصوصی آپریشن کے پہلے مرحلے میں پی آئی اے کے دو طیارے کابل پہنچے تھے جو کابل ایئرپورٹ پر افرا تفری اور ہنگامہ آرائی کے باعث بمشکل وطن واپس پہنچنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ 
بعد ازاں حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کابل کی انتظامیہ کی جانب سے افغانستان کی فضائی حدود بند کر دی گئی تھی اور کابل ایئرپورٹ پر کمرشل پروازوں کی لینڈنگ بھی روک دی گئی تھی۔ تاہم بدھ کی دوپہر انتظامیہ کی جانب سے کابل ایئرپورٹ کو کمرشل پروازوں کیئے کھولنے کا اعلان کیا گیا تو پی آئی اے کی پرواز اسلام آباد سے فوری طور پر کابل پہنچ گئی تھی جو سیکیورٹی اور انتظامی وجوہات کی بنیاد پر رات کو ٹیک آف نہ کرسکی اور آج صبح اسلام آباد پہنچی ہے۔
دوسری جانب افغان طالبان نے کابل فتح کرنے کے 4 روز بعد افغانستان میں اسلامی حکومت تشکیل دینے کا اعلان کر دیا ہے اور اس کیساتھ ہی ’دَافغانستان اسلامی امارت“ کے جھنڈے اور سرکاری نشان کی تصویر بھی شیئر کر دی ہے۔ 
افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں افغانستان اسلامی امارات کے قیام کا اعلان کیا۔ اسی ٹویٹ میں انہوں نے ”دَ افغانستان اسلامی امارت“ کے جھنڈے اور سرکاری نشان کی تصویر بھی شیئر کی ہے۔
ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے بیان میں کہا کہ افغانستان پر برطانیہ کے متنازعہ تسلط کے 102 سال بعد وہاں امارت اسلامی کی بنیاد رکھی گئی ہے۔19 اگست کا دن ہر سال ”نو آبادیاتی سپر طاقتوں سے آزادی کے دن“ کی حیثیت سے منایا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.