بیرسٹر سلطان محمود چوہدری آزاد کشمیر کے 28 ویں صدر منتخب ہو گئے 

211

مظفر آباد: آزاد کشمیر کی صدارت کیلئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار سابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری آزاد کشمیر کے 28 ویں صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود چوہدری مجموعی طور پر 34 ووٹ لے کر آزاد کشمیر کے صدر منتخب ہوئے جبکہ ان کے مدمقابل متحدہ اپوزیشن کے امیدوار میاں عبدالوحید 16 ووٹ حاصل کر سکے۔موجودہ صدر مسعود خان 24 اگست کو اپنی پانچ سالہ صدارتی مدت پوری کریں گے جس کے بعد سلطان محمود حلف اٹھائیں گے۔ بیرسٹر سلطان محمود ایل اے 3 میرپور سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تاہم صدر منتخب ہونے پر وہ اسمبلی سیٹ چھوڑ دیں گے۔
پی ٹی آئی کے صدارتی امیدوار بیرسٹر سلطان محمود کی پوزیشن پہلے ہی مضبوط تھی اور انہیں مسلم کانفرنس کے سردار عتیق اور جموں و کشمیر پیپلزپارٹی کے حسن ابراہیم کی بھی حمایت حاصل تھی۔ قانون ساز اسمبلی میں پی ٹی آئی کے 32، پاکستان پیپلزپارٹی کے 11، مسلم لیگ نوازکے 7، آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس اور جموں و کشمیر پیپلزپارٹی کا ایک، ایک ووٹ تھا۔
بیرسٹر سلطان محمود نے آزاد مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا تھا اور 1985ءمیں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کیلئے پہلے الیکشن میں حصہ لیا اور کامیابی حاصل کی جبکہ انہوں نے مجموعی طور پر 11 الیکشن لڑے جن میں سے 9 میں کامیاب ہوئے اور 2 میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 
نو منتخب صدر آزاد کشمیر 1996ءکے عام انتخابات کے بعد بننے والی حکومت میں وزیراعظم منتخب ہوئے تھے اور اس کیساتھ ہی وہ آزاد کشمیر میں سب سے زیادہ سیاسی جماعتیں بدلنے کا اعزاز رکھنے کے علاوہ آزاد کشمیر کی پارلیمانی تاریخ میں میر پور شہر کے حلقہ ایل اے 3 سے 9 مرتبہ جیتنے والے واحد اسمبلی ممبر بھی ہیں۔ 

تبصرے بند ہیں.