پنجاب حکومت کا یونین کونسل کی سطح پر کورونا ویکسی نیشن کا فیصلہ

146

لاہور: پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ محرم الحرام کے بعد صوبہ بھر میں یونین کونسل کی سطح پر تمام شہریوں کی کورونا ویکسی نیشن کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔

اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی گھر میں بزرگ شخص موجود ہے جو سینٹر نہیں جا سکتے ان کے بارے بتائیں، بزرگ افراد کو گھر میں ہی ویکسین لگائی جائے گی

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس آکسیجن بیڈز، وینٹی لیٹرز اور ویکسین بھی وافر مقدار میں موجود ہیں۔ شہریوں سے درخواست ہے کہ ہسپتال جانے سے پہلے ہیلپ لائن 1111781 0304 پر رابطہ کریں۔ ہیلپ لائن سے آپ کو یہ مدد ملے گی جہاں جگہ ہوگی وہاں بارے بتایا جائے گا۔

وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ ہسپتالوں میں 12 فیصد افراد کو ویکسین ملی،12  فیصد میں سے 7 فیصد وہ افراد ہیں جنہیں مکمل ویکسین لگی،37  مریض اس وقت وینٹی لیٹرز پر ہیں، ان میں سے ایک مریض کو ویکسین لگی۔

یاسمین راشد نے کہا کہ دنیا میں جہاں ویکسین کی تعداد بڑھتی ہے وہاں کیسز کی تعداد کم ہو جاتی ہے۔ ویکسین لگنے کا فائدہ یہ ہے بیماری سے بچاؤ زیادہ سے زیادہ ہوگا۔ مائیکرو پلاننگ کے تحت ویکسی نیشن کا دائرہ کار وسیع کرنے جا رہے ہیں۔ لاہور میں پلاننگ ہو چکی ہے، زیادہ بڑی تعداد میں عوام کی ویکسی نیشن کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پچھلے دنوں موڈرنا اور ایسٹرازینکا ان افراد کیلئے خریدی گئی جو باہر جانا چاہتے تھے۔ عوام کی بڑی تعداد چاہتی ہے انہیں فائزر کی ویکسین لگائی جائے۔ ہمارے پاس تمام ویکسین وافر مقدار میں موجود ہیں۔ اس وقت کوشش اس بات کی کر رہے ہیں زیادہ سے زیادہ افراد کی ویکسی نیشن ہو۔

انہوں نے کہا کہ پرائمری ہیلتھ کیئر کی طرف سے اخبارات میں ہر روز اعدادوشمار دیئے جا رہے ہیں۔ کورونا کی چوتھی لہر میں بھارتی وائرس کے کیسز زیادہ ہیں۔ بھارتی وائرس کیلئے جو ویکسین لگائی جا رہی ہے وہ کام کر رہی ہے۔ بھارتی وائرس ان لوگوں پر اثر زیادہ کر رہا ہے جن کی ویکسی نیشن نہیں ہوئی۔

تبصرے بند ہیں.