اپوزیشن کے ہتھکنڈوں کا جواب عوام کی خدمت سے دیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

173

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے غیر جمہوری ہتھکنڈوں کا جواب عوام کی خدمت سے دیں گے۔ پنجاب کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا، مخالفین خاطر جمع رکھیں، ان کی دال 2023ء تک نہیں گلے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یہ بات صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان کیساتھ ملاقات کے موقع پر کہی۔ فیاض الحسن چوہان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو محکمے کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کو اجاگر کرنے کے لئے گائیڈ لائنز دیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ 3 برس میں صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے پائیدار اقدامات کئے ہیں۔ اپوزیشن خود انتشار کا شکار ہے۔ جن کا اپنا ہاؤس ڈس آرڈر ہے، وہ ان ہاؤس تبدیلی کے صرف دعوے ہی کرسکتے ہیں۔

عثمان بزدار نے دعویٰ کیا کہ حکومت پہلے سے زیادہ مضبوط اور مستحکم ہے۔ اپوزیشن کے غیر جمہوری ہتھکنڈوں کا جواب عوام کی خدمت سے دیں گے۔ پاکستان کے عوام باشعور ہیں، منفی پراپیگنڈے میں نہیں آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے ٹولے کا منفی سیاست سمیت جنازہ نکل چکا ہے۔ عوام نے آر پار کے دعویداروں کے غبارے سے ہوا نکال دی ہے۔ دیانتداری، ایمانداری اور شفافیت کی سیاست کے سامنے کرپٹ ٹولے کی کوئی حیثیت نہیں ہے-

اس سے قنل وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیر بلدیات میاں محمود الرشید نے بھی ملاقات کی۔ اس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم کی قائم کردہ خصوصی کمیٹی کا اجلاس آئندہ چند روز میں طلب کیا جائے گا۔ کمیٹی اجلاس میں لوکل باڈیز ایکٹ کے مسودے کو حتمی شکل دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق لوکل باڈیز ایکٹ میں ترمیم جلد پنجاب اسمبلی سے پاس کرائی جائے گی۔ لوکل باڈیز ایکٹ سے متعلق اتحادیوں کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔ مسلم لیگ (ق) لوکل باڈیز ایکٹ میں متعدد ترامیم چاہتی ہے۔

تبصرے بند ہیں.