الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو ہیک کرنا ممکن نہیں، اپوزیشن معائنہ کر سکتی ہے: شبلی فراز

151

اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی حیثیت کرکٹ میچ میں نیوٹرل امپائر جیسی ہے، اس کو ہیک کرنا ناممکن ہے، اگر اپوزیشن میں سے کسی کو تحفظات ہیں تو وہ آکر ای وی ایم کا معائنہ کر سکتا ہے۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال انتہائی آسان ہے، الیکشن کمیشن کو بھی انتخابی نتائج مرتب کرنے میں آسانی ہوگی۔ اس مشین کو ہیک کرنا ممکن نہیں، اس کے استعمال کیلئے انٹرنیٹ، وائی فائی اور بلیو ٹوتھ کی ضرورت بھی نہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان میں الیکشن ہارنے والا نتائج نہیں مانتا۔ وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا کہ الیکشن کو شفاف بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کریں گے۔ الیکٹرونک ووٹنگ مشین دھاندلی کا خاتمہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا بنیادی مقصد دھاندلی کا سدباب کرنا ہے، الیکشن کمیشن کے سامنے اس کا ڈیمو کریں گے۔ سب کو دعوت ہے کہ وہ آئیں اور الیکٹرونک ووٹنگ مشین کا معائنہ کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ای وی ایم پر اختلاف برائے اختلاف نہیں ہونا چاہیے، اس میں جو ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے وہ بہت سے سوالوں کا جواب ہے۔ ہم نے جو ای وی ایم بنائی ہے وہ صرف ایک ماڈل ہے، کون سی مشین بنانی اور استعمال کرنی ہے، فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آر ٹی ایس کا جواب بھی جلد مل جائے گا۔ ووٹر کے داخل ہونے سے نتائج تک شفافیت یقینی بنانے کی کوشش کی ہے۔

تبصرے بند ہیں.